کاروار 16؍اکتوبر(ایس او نیوز)دنیا کے پانچ اہم ملکوں کی تنظیم BRICS(برازیل، روس ، چین اورساؤتھ افریقہ)کے گو ا میں منعقدہ دو روزہ اجلاس کے دوران حفاظتی انتظامات سخت ترین کردئے گئے ہیں۔ اور گوا کی طرف جانے والی گاڑیوں کی سختی سے تلاشی لی جارہی ہے۔
اسی سلسلے میں کاروار کے راستے گوا کی طرف جانے والی تبتی باشندوں کی ایک کار کو روک کر اس میں موجود مسافروں اور کار ڈرائیور کا پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ۔ان کی شناخت منڈ گوڈ تبتی کالونی میں آباد تائیوان کے باشندے یانگ چنگ منگ(۳۸ سال)، جانگ شو ایچ(۳۸ سال)، سونم گیاکسو (۳۸ سال) کے طور پر کی گئی ہے جبکہ ان کی کار کے ڈرائیور کا نام بسواراج بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ اس اجلاس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی کے علاوہ روس کے صدر ویلادیمیرپوتین،اور چین کے وزیر اعظم کی شرکت ہونے والے تھے ۔ خاص کر ہندوستانی وزیر اعظم کو دہشت گردوں سے خطرہ ہونے کے پیش نظر کاروار میں داخل ہونے والی ہر موٹر گاڑی کی پوری تلاشی لینے کے احکام ضلع ایس پی نے دیے تھے۔اور جہاں بھی کچھ شک و شبہہ ہوتا تھا وہاں پر اقدام کیا جارہاتھا۔تبتی باشندوں کو حراست میں لینے کا مقصد یہ بتایا جاتا ہے کہ ان کی طرف سے گوا میں چین کے وزیر اعظم کے خلاف احتجاج درج کرنے کے خدشات موجود تھے۔لیکن جب ان کو حراست میں لے کر تحقیق کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ گوا ایئر پورٹ سے دہلی کے لئے روانہ ہونے والے تھے۔